بنگلورو۔11/اگست(ایس او نیوز) نیشنل گرین ٹریبونل کے حکم کے مطابق پندرہ سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں پر پابندی لگانے کیلئے بہت جلد ریاست میں بھی قانون لاگو کیاجائے گا۔ بنگلور میں فی الوقت جو 61 لاکھ گاڑیاں چل رہی ہیں،ان میں سے5.5لاکھ گاڑیاں ایسی ہیں جو پندرہ سال سے زیادہ پرانی ہیں۔ان میں 2.58لاکھ ٹو وہیلرس، 1.78لاکھ کاریں، 36173 آٹو رکشا اور 21371 مالبردار گاڑیاں شامل ہیں۔ ان کے علاوہ 1070تعلیمی اداروں کی بسیں، 8100 ٹیکسیاں بھی پندرہ سال سے زیادہ پرانی ہیں۔ان گاڑیوں کے دوڑنے سے شہر میں فضائی آلودگی پھیلنیکی بات کہی گئی ہے۔ گرین ٹریبونل نے جس طرح دہلی میں پندرہ سال سے پرانی گاڑیوں پر پابندی لگائی۔انہی خطوط پر بنگلور میں بھی پابندی لگانے پر غور کیا جارہا ہے۔دہلی میں اروند کجریوال حکومت کی طرف سے گرین ٹریبونل کی حکم عدولی کے نتیجہ میں جس طرح کی سرزنش کاسامنا کرنا پڑا وہی صورتحال کرناٹک میں پیش نہ آئے یہ یقینی بناتے ہوئے حکومت نے گرین ٹریبونل کے فیصلے کو لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فی الوقت پندرہ سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں کو از سرنو رجسٹریشن کیلئے گرین ٹیکس بھرنا پڑتا ہے، اور ساتھ ہی آلودگی پھیلانے پر روک لگانے کیلئے ان پر سخت شرائط لاگو کی جاتی ہیں۔تاہم گرین ٹریبونل کے فیصلے کے مطابق اگر پابندی لگادی گئی تو یہ نظام ختم ہوجائے گا۔